LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (اردو ٹائمز) پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن،ایک ہفتے کے دوران 164 جرائم پیشہ گرفتار

Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز) پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن،ایک ہفتے کے دوران 164 جرائم پیشہ گرفتار، منشیات،غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد۔ مختلف سرچ آپریشنز کے دوران 2169 افراد، 1045 گھروں، 260 دکانوں، 133 ہوٹلز، 1134 موٹر سائیکلوں اور 443 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی، اسلام آباد پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں سنگین جرائم میں ملوث 164 ملزمان کو گرفتارکیا، جبکہ ان کے قبضے سے منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔گرفتار ملزمان میں 104 عدالتی مفرور، مجرمان اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان شامل ہیں، جبکہ منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 60 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1,837 گرام آئس، 5,930 گرام چرس، 815 گرام بھنگ، 56 بوتل شراب، تین رائفلیں، تین کلاشنکوفیں، چھ خنجر اور مختلف بور کے 31 پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔مزید براں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے زونل ایس پیز کی نگرانی میں مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 2,169 افراد، 1,045 گھروں، 260 دکانوں، 133 ہوٹلز، 1,134 موٹر سائیکلوں اور 443 گاڑیوں کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔سرچ آپریشنز کے دوران مزید جانچ پڑتال کے لیے 132 مشکوک افراد، 127 موٹر سائیکلیں اور نو گاڑیاں مختلف تھانوں میں منتقل کی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان سے تین کلاشنکوفیں اور تین پستول بھی برآمد کیے گئے۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے شب و روز مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سرچ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ”No to Weapon” مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ رکھنے، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی گرفتاری، منشیات کے خاتمے اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ سرچ آپریشنز کے دوران شہریوں کی عزتِ نفس اور قانونی تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X