راولپنڈی (اردو ٹائمز) ٹیسٹ پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر سیریز جیت لی
Share
راولپنڈی (اردو ٹائمز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔ یہ دو سال بعد پاکستان کی پہلی ٹیسٹ سیریز فتح ہے، جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے سائیکل میں بھی یہ قومی ٹیم کی پہلی کامیابی ہے۔
میچ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم نے 309 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا، تاہم دوسرے ہی اوور میں محمد عباس نے اسیتھا فرنانڈو کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کی اننگز 316 رنز پر سمیٹ دی اور پاکستان کو جیت کے لیے 90 رنز کا آسان ہدف ملا۔ سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں میلان رتنائیکے 66 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے، جبکہ سونال دینوشا 54 اور کپتان کوشال مینڈس 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ رضا اللہ نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ثاقب خان و سلمان علی آغا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
90 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو طیب عارف 13 اور محمد طحہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے آل راؤنڈر عامر جمال اور اوپنر اذان اویس نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی ناقابلِ شکست شراکت میں 53 رنز جوڑے اور 13ویں اوور میں ہدف پورا کر لیا۔ عامر جمال 22 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز اور اذان اویس 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، جس کے جواب میں پاکستان نے غازی غوری (54)، اذان اویس (47) اور طیب عارف (46) کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 325 رنز بنا کر 227 رنز کی فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی۔ دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں لینے پر تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عباس کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی ہی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ڈرا ہو گیا تھا۔

