اسلام آباد (اردو ٹائمز) پاک روس اسٹریٹجک شراکت داری، معاشی ترقی کے نئے امکانات
Share
اسلام آباد (اردو ٹائمز) عالمی سیاست میں بدلتے ہوئے حالات اور نئی صف بندیوں نے پاکستان اور روس کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا نادر موقع فراہم کیا ہے ماضی کی سرد مہری اور سفارتی فاصلوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دونوں ممالک اب باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور اقتصادی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں توانائی، تجارت، دفاع، زراعت، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بڑھتا ہوا اشتراک دونوں ممالک کے روشن مستقبل کی نوید ہے روسی منڈیوں اور وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی پاکستان کی معاشی ترقی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ابھرتی ہوئی سفارتی شراکت داری کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرکے قومی معیشت اور علاقائی استحکام کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے حالیہ چند برسوں میں پاکستان اور روس کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے کل کے سوویت یونین اور آج کے روس اور پاکستان کے مابین تعلقات ہمیشہ سے نشیب وفراز کا شکار رہے ہیں روس اور پاکستان کے درمیان گزشتہ کئی دہائیوں سے سرد مہری کا شکار تعلقات کی ایک بڑی وجہ بڑی وجہ افغان جنگ اور دوسرا پاکستان کی امریکہ سے ریاستی قربت تھی لیکن حالات نے اس وقت نازک صورت حال اختیار کی جب جون 2015 میں امریکہ اور بھارت نے دس سالہ دفاعی معاہدے پر دستخط کئے اور حالات نے پلٹا اس وقت کھایا جب 2016 کے آغاز میں امریکی کانگرس نے پاکستان کو ایف 16 جنگی طیاروں کی فروخت روکنے کی قرارداد پاس کی اور یہ جواز پیش کیا کہ امریکہ کو تشویش ہے کہ پاکستان یہ جنگی طیارے بھارت کے خلاف استعمال کر سکتا ہے اس موقع پر پاکستان نے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خارجہ پالیسی کا رخ علاقائی طاقتوں بالخصوص روس کی جانب کر دیا دونوں ممالک کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتے رہے ہیں جہاں ماضی میں تعلقات پیچیدہ رہے ہیں تو وہاں دونوں ممالک نے خوشحال سفارتی دور کا تجربہ بھی کیا ہوا ہے 1981 میں گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے قیام کے لئے سوویت یونین نے نہ صرف مالی وتکنیکی امداد دی بلکہ ایک نیو کلیئر پاور پلانٹ کے قیام کی پیشکش کر کے پاکستان کو حیران کر دیا اپریل 1981 میں سوویت یونین نے زرعی ٹریکٹر بنانے کیلئے پاکستان کو 20 ملین امریکی ڈالر کی امداد دی اسی سال نومبر میں سوویت سفیر نے برآمدی مصنوعات والی صنعتوں کے قیام کیلئے پاکستان کی مالی و تکنیکی امداد کی حامی بھری 1983 میں ملتان میں بھاری پانی کے ریکٹر کی تنصیب کے لئے سوویت یونین نے سازوسامان مہیا کیا اور پاکستانی ماہرِ طبعیات ڈاکٹر عبدالسلام کو طلائی تمغہ سے نوازا 15 جنوری 1985 کو سوویت نمائندوں کی موجودگی میں صدرِ پاکستان جنرل محمد ضیا الحق نے سوویت سرمائے سے مکمل ہونے والی پاکستان اسٹیل ملز کا افتتاح کیا پاکستان اسٹیل ملز کراچی کو آج بھی پاک روس تعلقات کی علامت سمجھا جاتا ہے 1991 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پہلی بار روس نے پاکستان کی جنوبی ایشیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی قرار داد کی مخالفت نہیں کی تھی علاوہ ازیں 1993 میں جموں و کشمیرکی تحصیل بجبھرا میں بھارتی افواج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام پر روس نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا جس کے باعث بھارتی حکام کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا پاکستان اور روس کے ایک دوسرے کے ساتھ وسیع تر مشترکہ سیاسی و عسکری مفادات جڑے ہوئے ہیں یوکرائن کے مسئلے کی وجہ سے روس کو اس خطے میں نئے دوستوں جبکہ پاکستان کو خطے میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کو روکنے کے لئے نئی بین الاقوامی دوستیاں بڑھانے کی ضرورت ہے روس کی تو جہاں وقت حکومت پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر مرکوز ہے پاکستان اور روس کے دمیان ٹیکنالوجی مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا دونوں ممالک نے حکومتی سطح پر قائم اعتماد کو عملی کاروباری شراکت داریوں مشترکہ منصوبوں اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں تبدیل کرنے کے لئے چھ ترجیحی شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے پاکستان آئی ٹی صلاحیتوں اور روس کی سائنسی و تکنیکی مہارتوں کا امتزاج ّ نہ صرف دونوں ممالک کی معاشی ترقی اور عالمی مسابقت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے بلکہ پاکستان اور روس کے درمیان ٹیکنا لوجی تعاون مصنوعی ذہانت’ جدت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک روایتی تعاون سے آگے بڑھتے ہوئے مشترکہ منصوبوں سرمایہ کاری اور عالمی معیار کی ڈیجیٹل مصنوعات کی تیاری پر توجہ دیں روسی قیادت کی جانب سے پاکستان کی گیس انڈسٹری کی ترقی میں تعاون’ تیل کی سپلائی بڑھانے ‘تجارت کے فروغ’ باہمی سرمایہ کاری’ توانائی’ صنعت’ زراعت’ انفراسٹرکچر کی تعمیر’ لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ میں نئے امید افزاء منصوبوں کے آغاز کے لئے ساز گار حالات پیدا کرنے کی جس ضرورت کو اجاگر کیا جارہا ہے پاکستان کو اس پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی اگر روس کو اکنامک کوریڈور سے منسلک کر دیا جائے تو پاکستان کو وسطی ایشیا ئی ممالک اور روسی منڈیوں تک براہ راست رسائی ملنا ممکن ہے۔ملک کی معاشی خوشحالی کی بنیاد توانائی کا شعبہ ہے جسے مضبوط کئے بغیر ترقی ممکن نہیں ہو سکتی ہمارا شمار ان قوموں میں ہوتا ہے جو توانائی کی قلت کے شدید ترین مسائل کا شکار ہیں ہمارے پاس گیس موجود ہے لیکن ہماری ضرورت اس سے زیادہ ہے پیٹرولیم مصنوعات ہمیں زیادہ تر درآمد کرنا پڑتی ہے اس کمی کو پورا کرنے کے لئے حکومت کو رو س کی پیش کش سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے پاکستان اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات ملک وقوم کے علاوہ خطے میں امن و استحکام ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی انتہائی خوش آئند ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کرے ماضی میں پاکستان کا سخت حریف سمجھا جانے والا روس اگر اب اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے تو ہمیں اس موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے حکومت پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ’ باہمی سرمایہ کاری اور توانائی’ صنعت’ زراعت’ انفراسٹرکچر کی تعمیر’ لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹ میں نئے امید افزاء منصوبوں کے آغاز کے لئے ساز گار حالات پیدا کرنا ہوں گے روس اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون تعاون کا سلسلہ شروع ہونے سے خطے میں استحکام آئے گا چین ایک بڑی طاقت بن کر ابھر رہا ہے اور روس بھی بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے جبکہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے لیکن یہ تینوں تن تنہا اس عدم توازن کے خلا کو پر نہیں کر سکتے اگرچہ تینوں مل کر کام کریں اور ایک بلاک کی شکل اختیار کر لیں تو یہ خلا پر ہوسکتا ہے اور یہ خطے میں امن قائم رکھنے کے لئے نہایت مفید ثابت ہو سکتا ہے**

