رحیم یار خان (اردو ٹائمز) اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کے مختلف مقامات کے دورے، ہسپتال میں ڈیپ کلیننگ، پارکوں کی صفائی اور ریڑھی بانوں کے لیے متبادل جگہ کا جائزہ
Share
رحیم یار خان (اردو ٹائمز) اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد سلمان قیوم شیخ نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور شہری سہولیات، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال صادق آباد کا دورہ کیا، جہاں مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہسپتال انتظامیہ سے ادویات کی دستیابی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام ’’صاف پنجاب، صحت مند پنجاب‘‘ کے تحت ہسپتال میں جاری ڈیپ کلیننگ کے عمل کا معائنہ بھی کیا، تاکہ مریضوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے سٹی پارک اور چلڈرن فیملی پارک کا دورہ کیا، جہاں صفائی ستھرائی اور بچوں کے لیے کھیل و تفریح کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو صفائی کے مؤثر انتظامات برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔
مزید برآں انہوں نے ریڑھی بانوں سے ملاقات کی اور ان کے کاروبار کے لیے متبادل جگہ کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا، تاکہ ریڑھی بانوں کے روزگار کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ شہر میں ٹریفک کی روانی اور شہری نظم و ضبط بھی برقرار رکھا جا سکے۔











