تلہاڑ (اردو ٹائمز) بوائز و گرلز سکول تلہاڑ کی ایس ایم سی کمیٹیز کی ڈائریکٹر سکولز ڈاکٹر احسان محمود سے ملاقات
Share
تلہاڑ (اردو ٹائمز) بوائز و گرلز سکول تلہاڑ کی ایس ایم سی کمیٹیز کی ڈائریکٹر سکولز ڈاکٹر احسان محمود سے ملاقات
تعلیمی اداروں کے مسائل پر تبادلۂ خیال، ڈاکٹر احسان محمود کی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی، سکول مینجمنٹ کمیٹیز کا اظہارِ تشکر
تلہاڑ (نمائندہ خصوصی): بوائز اور گرلز سکول تلہاڑ کی سکول مینجمنٹ کمیٹیز (SMCs) کے وفد نے ڈائریکٹر سکولز جناب ڈاکٹر احسان محمود سے ملاقات کی، جس میں دونوں تعلیمی اداروں کو درپیش اجتماعی مسائل اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بوائز سکول تلہاڑ کے ایس ایم سی صدر شفیق احمد، گرلز سکول تلہاڑ کے ایس ایم سی صدر راجہ فرحان مطلوب، چوہدری محمد اویس، راجہ پرویز اقبال، امجد زیب مغل اور عدنان احمد اعوان شریک تھے۔
اس موقع پر ڈاکٹر احسان محمود نے سکول مینجمنٹ کمیٹیز کو یقین دلایا کہ دونوں سکولوں کے مسائل کے حل اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
سکول مینجمنٹ کمیٹیز کے نمائندگان نے ڈاکٹر احسان محمود کی خصوصی توجہ اور تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کی خصوصی معاونت سے دونوں سکولوں میں جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور مجموعی کارکردگی میں بہتری کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
وفد نے ایریا ایجوکیشن آفیسر سیکٹر بہارہ کہو جناب شفیق الرحمان کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ان کی مؤثر رہنمائی اور نگرانی میں سیکٹر بہارہ کہو کے تعلیمی ادارے بہتر کارکردگی کی جانب گامزن ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سکول مینجمنٹ کمیٹیز، محکمہ تعلیم کے افسران اور مقامی نمائندگان کے باہمی تعاون سے دونوں اداروں میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ان شاء اللہ، وہ دن دور نہیں جب بوائز اور گرلز سکول تلہاڑ علاقے کے بہترین تعلیمی اداروں میں شمار ہوں گے۔




