کراچی، 25 نومبر 2025 (اردو ٹائمز)- اسپاٹیفائی نے معروف گلوکارہ اور نغمہ نگار آمنہ ریاض کو سال 2025 کی آخری سہ ماہی کے لیے ایکول پاکستان (ایکوَل پاکستان) کا ایمبیسیڈر منتخب کیا ہے۔ اس سلسلے میں آمنہ ریاض کو 20 نومبر کو نیویارک کے ٹائمز اسکوائر کی اسپاٹیفائی بل بورڈ مہم کا حصہ بنایا گیا، جہاں وہ نمایاں انداز سے جلوہ گر ہوئیں۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اعتراف ہے بلکہ پاکستانی میوزک انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی وسعت کا بھی واضح ثبوت ہے۔
آمنہ ریاض نے ایکول پاکستان کی ایمبیسڈر بننے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”میں ایکول پاکستان کی ایمبیسڈر بننے پر نہایت مشکور ہوں۔ ایسی انڈسٹری میں جہاں خواتین گلوکاروں کی تعداد اب بھی بہت کم ہے، خواتین کی آوازیں بلند کرنے کے لئے مختص اس پلیٹ فارم کا حصہ بننا میرے لیے نہایت اہم ہے۔ یہ صرف ان کی کامیابی کا جشن نہیں بلکہ یہ پیغام بھی ہے کہ دیگر خواتین بھی آگے بڑھیں اور موسیقی کے میدان میں اپنا مقام حاصل کریں۔”
آمنہ ریاض اپنی منفرد آواز اور دلچسپ کہانی گوئی کے باعث نوجوان سامعین میں اپنی روح پرور دھنوں اور گہرے معنوں کی وجہ سے نوجوانوں میں خاصی مقبولیت رکھتی ہیں۔ سال 2020 سے موسیقی کے سفر کی شروعات کے بعد سے وہ مسلسل ایسے گیت پیش کر رہی ہیں جو نوجوانوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ انکے حالیہ گانوں کی شاندار کامیابی نے انہیں عالمی سطح پر مزید نمایاں پہچان دلائی ہے، جس کے بعد انکا شمار نئے دور کی نمایاں پاکستانی گلوکاروں میں ہونے لگا ہے۔
اسپاٹیفائی کا ایکول پروگرام دنیا بھر میں خواتین گلوکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کو منفرد پہچان دلانے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا عالمی اقدام ہے۔ آمنہ ریاض کی ایکول پاکستان کی ایمبیسڈر کے طور پر کامیابی اس مقصد کو مزید تقویت دیتی ہے کہ ایکول پاکستان پروگرام وسیع اقسام کی آوازوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ پاکستانی موسیقی کو عالمی سطح پر روشناس بھی کراتا ہے۔
پاکستان کی باصلاحیت خواتین گلوکاروں کے گیت سننے کے لیے صارفین اسپاٹیفائی پر ایکول پاکستان کی پلے لسٹ (https://open.spotify.com/playlist/37i9dQZF1DXdpfEkksq5CO)کو وزٹ کر سکتے ہیں۔