رباط (مراکش) — 29 ستمبر 2026 (بگ ڈیجٹ): مراکش کے بادشاہ نے فاطمہ الزہرا المنصوری پہلی خاتون سربراہِ حکومت مقرر کر دی، پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کی مبارکباد
پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے تاریخی تقرری پر انہیں مبارکباد پیش کی۔
المنصوری نے تقرری کو مراکش کی تاریخ کا ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔مراکش کے فرمانروا شاہ محمد ششم نے منگل کے روز شاہی محل رباط میں اصالت و جدیدیت پارٹی کی اجتماعی قیادت کی رابطہ کار فاطمہ الزہرا المنصوری سے ملاقات کی اور انہیں آئین کے آرٹیکل 47 کے تحت مراکش کی سربراہِ حکومت مقرر کرتے ہوئے نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپ دی۔
فاطمہ الزہرا المنصوری نے شاہی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی تقرری کو مراکش کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی خاتون کو حکومت کی سربراہی کے لیے مقرر کیا گیا ہے، جو ان کے اور ملک کی تمام خواتین کے لیے باعثِ فخر ہے۔
المنصوری نے کہا کہ شاہ محمد ششم کی جانب سے انہیں آئندہ مرحلے کے لیے اہم رہنمائی دی گئی ہے اور وہ ایسی حکومت تشکیل دینے کی کوشش کریں گی جو بادشاہ اور تمام شہریوں کی توقعات پر پورا اترے۔
مراکش میں 1999 میں شاہ محمد ششم کے اقتدار سنبھالنے کے بعد خواتین کی قانونی، سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی حیثیت میں نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔ 2004 میں خاندانی قوانین “مدونہ” (Moudawana) میں اصلاحات، مختلف اداروں میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ اور سفارتی و مقامی حکومت سمیت اہم ذمہ داریوں تک خواتین کی رسائی اس پیش رفت کا حصہ رہی ہے۔
اس تاریخی تقرری پر پاکستان کی خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے فاطمہ الزہرا المنصوری کو مراکش کی پہلی خاتون سربراہِ حکومت مقرر ہونے پر گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی پیش رفت مسلم دنیا بھر کی خواتین کو قیادت کے کردار ادا کرنے کی ترغیب دے گی۔
خاتونِ اول نے کہا کہ وہ اس تاریخی لمحے سے ایک خصوصی تعلق محسوس کرتی ہیں کیونکہ وہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی ہیں، جو پاکستان کی سابق وزیراعظم اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کا تاریخی سفر آج بھی مسلم دنیا اور اس سے باہر خواتین کی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے وزیراعظم فاطمہ الزہرا المنصوری اور برادر ملک مراکش کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے نئی سربراہِ حکومت کی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تقرری خواتین اور لڑکیوں کو اپنے اپنے معاشروں کی ترقی اور خوشحالی میں مزید فعال کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔