لاہور (اردو ٹائمز) ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان اور لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے اشتراک سے پروقار محفل نعت وسماع کا انعقاد الحمراء کلچرل کمپلیکس میں کیا گیا-

Share

لاہور (اردو ٹائمز) ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان اور لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے اشتراک سے پروقار محفل نعت وسماع کا انعقاد الحمراء کلچرل کمپلیکس میں کیا گیا- لیونگ لیجنڈ شاعرہ شاہدہ لطیف کی دو نعتوں کی تعارفی تقریب محفل کا حصہ تھی ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے اشتراک سے محفل نعت وسماع کا پروقار انعقاد الحمراء کلچرل کمپلیکس ہال ون نزد قذافی سٹیڈیم لاہور میں بڑی عقیدت اور احترام سے کیا گیا – محفل نعت وسماع کی صدارت نامور کالم نگار اور سینئر ترین ایونٹ آرگنائزر پیرسیدسہیل بخاری گدی نشین حضرت سید پیر چشتی اولیاء سخی سرکار مکی رحمتہ اللہ علیہ لاہور نے کی – نقابت کے فرائض مشہور و معروف کمپئیر ریاض خان نے احسن انداز میں سرانجام دیئے – محفل نعت وسماع کا باقاعدہ آغاز نامور نعت خواں غلام مصطفٰی قادری کی تلاوت اور حمد باری تعالٰی سے کیا گیا – ریاض خان نے بتایا کہ محفل کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے – پہلے حصے کا آغاز ورسٹائل پرفارمنس گروپ کی خصوصی صوفی پرفارمنس سے کیا گیا – سینئر صحافی شاہنواز رانا نے نعت پیش کی – فلمسٹار و گلوکارہ میگھا نے نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرکے اپنی عقیدت کا اظہار کیا – فوک گلوکار عباس جٹ نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سہرا جوکہ انکے والد لیجنڈ فوک گلوکار و اداکار عاشق جٹ نے تحریر کیا تھا وہ پیش کیا یہ لمحہ اس اعتبار سے بھی دلچسپ تھا کہ ہماری لوک ثقافت کے رنگ جب عشق رسول سے جڑ جاتے ہیں تو انکی کیفیت بدل جاتی ہے – گلوکار ناصر بیراج نے منقبت پیش کرکے محفل میں اپنا حصہ ڈالا – ثقلین عباس ڈھول گروپ نے ڈھول پرفارمنس پیش کرکے محفل کو گرما دیا جس طرح پنجاب کی ثقافت میں ڈھول بھی اپنی ایک الگ شناخت رکھتا ہے محفل نعت وسماع میں ڈھول پرفارمنس نےاپنی الگ پہچان بنائی – نعت خواں میاں حامد رضا چشتی ، حافظ عظیم علی قادری ، سلمان نصیر قادری ، غلام غوث قادری ، علامہ اویس قادری ، محمد نعمان منظور قادری نے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار شاندار الفاظ میں کیا –

محفل کے دوسرے حصہ میں لیونگ لیجنڈ شاعرہ شاہدہ لطیف کی دو نعتوں کی تعارفی تقریب تھی ایک نعت ” کرم کیجئے ” دوسری نعت ” زلف مصطفٰی ” ان دونوں نعتوں کے نعت خواں حسن رضا وارثی ہیں اور اسے خالق چشتی ( میوزک ورلڈ) نے ریکارڈ کیا ہے – اس موقع پر پیر سید سہیل بخاری نے مادام راشدہ لطیف سے اپنا تعلق دو دہائیوں پر محیط بتاتے ہوئے کہا کہ مادام شاہدہ لطیف ایک اچھی شاعر ، ذہین جرنلسٹ کے ساتھ ساتھ ہمدرد اور بے لوث شخصیت ہیں – میرا ان سے رابطہ اس وقت سے ہے جب وہ ماہانہ اوورسیز انٹرنیشنل میگزین ریگولر شائع کرتیں تھیں اور وہ میگزین آرٹ پیپر پر فور کلرز میں شائع ہوتا تھا آج کل وہ علیل ہیں سب سے التماس ہے کہ انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں – پیر سید سہیل بخاری نے مزید کہا کہ مادام شاہدہ لطیف کی شاعری الفاظ نہیں ہیں بلکہ عقیدت کا اظہار ہے جوکہ وہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ رکھتی ہیں – ایس ایم ڈی سکرین پر جب انکی تخلیق کردہ نعتوں کی سکریننگ کی گئی جسے بڑے انہماک سے حاضری محفل نے دیکھا اور ہال نعرہ رسالت سے گونج اٹھا –

محفل نعت وسماع کا تیسرا حصہ قوالی کا تھا قوالی برصغیر کی ان چند روایات میں سے ایک ہے جسے صدیوں سے لوگوں کے دلوں کو اپنی طرف متوجہ کر رکھا ہے – قوالی کے رنگ کو کامران یوسف میانمیری قوال ، عدنان حیدری ، نعمان حیدری قوال نے آگے بڑھایا اور حاضرین سے خوب داد پائی –

محفل کے دوران کمپئیر ریاض خان نے پیرسیدسہیل بخاری کی 45 ،سال کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں یہ جس تسلسل سے ایوارڈز تقریبات ، لیجنڈز کو ٹربیوٹ ، تعزیتی ریفرنس ، مشاعرے ، محرم الحرام کے سلسلہ میں تقریب اور ہر موقع کی مناسبت سے جو تقریبات منعقد کرتے ہیں قابل تحسین ہیں – پیرسیدسہیل بخاری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ ہم سب کیلئے ایک روشن مثال ہے جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پروردگارعالم کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں اور مخلوق خدا دونوں جہان کی کامیابیاں سمیٹ سکتا ہے – نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ظہور تمام مسلمہ امہ کیلئے مسرت کا باعث ہیں اور آپکی سیرت دنیا کیلئے ایک مثالی نمونہ ہے جس پر چل کر ہر انسان اپنی زندگی بڑی آسانی سے بسر کر سکتا – پیر سید سہیل بخاری نے مزید کہا کہ جس طرح رب العالمین ہیں اسی طرح بنی پاک رحمتہ اللعالمین ہیں اور یہ بات ہمارے لئے باعث فخر ہے – پیر سید سہیل بخاری لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ماحول میں ثقافت اور صوفی ازم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کی مکمل سرپرستی کر رہے ہیں –