رحیم یارخان (اردو ٹائمز) بریسٹ کینسر آگاہی کے حوالے سے معروف لیپروسکوپک و بریسٹ سرجن ڈاکٹر ساجدہ نسیم نے خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر ایک قابلِ علاج مرض ہے، تاہم اس کے لیے بیماری کی بروقت تشخیص اور مناسب علاج انتہائی ضروری ہے۔ڈاکٹر ساجدہ نسیم نے کہا کہ خواتین کو اپنی صحت کے حوالے سے کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ چھاتی میں گلٹی، سائز یا شکل میں تبدیلی، جلد پر غیر معمولی اثرات، نپل سے غیر معمولی اخراج یا مسلسل درد جیسی علامات کی صورت میں فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گلٹی کینسر نہیں ہوتی، تاہم کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں طبی معائنہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے بارے میں معاشرے میں موجود خوف اور غلط فہمیوں کو ختم کرنے کے لیے بھرپور آگاہی کی ضرورت ہے۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی عمر اور طبی صورتحال کے مطابق ڈاکٹر کے مشورے سے مناسب اسکریننگ کروائیں۔ خاص طور پر ایسی خواتین جن کے خاندان میں بریسٹ کینسر کی تاریخ موجود ہو، انہیں اپنی صحت کے حوالے سے زیادہ محتاط رہنا چاہیے۔ڈاکٹر ساجدہ نسیم نے مزید کہا کہ بریسٹ کینسر کی تشخیص کے بعد علاج کے جدید طریقے دستیاب ہیں اور مریضہ کو مایوس ہونے کے بجائے ماہر ڈاکٹر سے بروقت مشورہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں اور بریسٹ کینسر سے متعلق معلومات اپنے خاندان اور دیگر خواتین تک بھی پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے خلاف جنگ صرف علاج تک محدود نہیں بلکہ آگاہی، بروقت تشخیص اور مسلسل طبی رہنمائی بھی اس کا اہم حصہ ہے۔ خواتین کی صحت مند زندگی کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔