اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی آئی جی علی وسیم کا تھانہ شہزاد ٹاؤن کا دورہ اور کھلی کچہری کا انعقاد۔شہری سہولت، مؤثر پولیسنگ اور انسدادِ جرائم کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے اورافسران کو بروقت دادرسی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی وسیم نے تھانہ شہزاد ٹاؤن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ روم، حوالات، مسجد، میس سمیت مختلف شعبہ جات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانے میں موجود سائلین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو شہریوں کی شکایات پر بروقت اور مؤثر قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر جلد یکسو کرنے، تھانوں کا ریکارڈ بروقت مکمل رکھنے، اشتہاری، مطلوب اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے اور متحرک جرائم پیشہ گینگز کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور غیرجانبداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے۔بعد ازاں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی آئی جی نے شہریوں کی درخواستیں خود سنیں اور متعلقہ افسران کو ہر درخواست پر مقررہ مدت کے اندر قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہری بلا سفارش اپنے مسائل براہِ راست پولیس افسران کے سامنے پیش کر سکتے ہیں، جبکہ شکایات کے ازالے کے لیے”آئی جی پی شکایت سیل “1715- سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزتِ نفس کا تحفظ، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر زیرو ٹالرنس، مؤثر پولیسنگ اور ہر درخواست و مقدمے پر میرٹ کے مطابق کارروائی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مؤثر بنایا جائے۔دریں اثناء ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضاکی زیرِ صدارت انڈسٹریل ایریا اور سواں زون کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں زونز میں امن و امان، جرائم کی صورتحال اور پولیسنگ کے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس پی انڈسٹریل ایریا ڈاکٹر ایاز حسین، ایس پی سواں زون حسنین وارث، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور ٹارگٹڈ کارروائیاں مزید تیز کرنے، سابقہ ریکارڈ یافتہ، اشتہاری اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری، پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی