اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی آئی جی علی وسیم کی عوامی خدمت، مصالحتی اقدامات اور شجرکاری مہم کے فروغ کے لیے مختلف سرگرمیاں

Share

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) ڈی آئی جی علی وسیم کی عوامی خدمت، مصالحتی اقدامات اور شجرکاری مہم کے فروغ کے لیے مختلف سرگرمیاں۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی شکایات غور سے سنیں اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ شہری بلاجھجھک اور بغیر کسی سفارش کے کھلی کچہری میں آکر اپنے مسائل اور شکایات پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا قانون کے مطابق بروقت اور موثر ازالہ یقینی بنایا جائے۔بعد ازاں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (ADRC) کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین مصالحتی کمیٹی طیب ملک اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ADRC اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہریوں کے باہمی تنازعات کو افہام و تفہیم، مذاکرات اور باہمی رضامندی کے ذریعے پرامن اور موثر انداز میں حل کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت انصاف اور سہولت کی فراہمی کے لیے مصالحتی طریقہ کار کو مزید موثر بنایا جائے۔دریں اثنا، ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ درخت ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ، صحت مند اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ کے لیے شجرکاری کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے شہریوں اور پولیس افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں اور لگائے گئے پودوں کی مناسب نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں