اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی آئی جی علی وسیم کی کھلی کچہری۔ شہریوں کے مسائل سنے اور فوری حل کے احکامات جاری کئے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کی زیرِ صدارت اہم اجلاس کا انعقاد۔ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل، جرائم کی روک تھام اور مؤثر پولیسنگ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔اس سلسلے میں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات سنیں اور متعلقہ افسران کو درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر میرٹ پر قانونی کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور میرٹ پر حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہری بغیر کسی سفارش کے کھلی کچہریوں میں اپنے مسائل سے پولیس افسران کو آگاہ کر سکتے ہیں، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے “آئی جی پی شکایت سیل 1715- “سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی اسلام آباد کے احکامات کے تحت ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری ہے اور تمام زونل ایس پیز بھی اپنے اپنے زونز میں شہریوں کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ خواتین اور بچوں پر تشدد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی، قانون کی بالادستی اور شہریوں کی جان، مال اور عزتِ نفس کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی سکیورٹی اینڈ ایڈمن، سرکل ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں امن و امان کی صورتحال، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، تھانہ جات کی انسپکشن، SIPS پروٹوکول، ناکہ جات پر مؤثر چیکنگ، پٹرولنگ اور زیرِ تعمیر تھانہ جات سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی آپریشنز نے منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے، فیلڈ پولیسنگ مضبوط کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ناکہ جات پر مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی مؤثر چیکنگ، پٹرولنگ کو فعال بنانے اور حساس مقامات پر سکیورٹی و نگرانی مؤثر رکھنے پر بھی زور دیا۔قاضی علی رضا نے SIPS پروٹوکول کے تحت زیرِ تعمیر تھانہ جات کا کام مقررہ معیار کے مطابق جلد مکمل کرنے اور پولیس اسٹیشنز میں شہریوں و پولیس افسران کے لیے بہتر سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ، بہتر پولیس سروسز کی فراہمی، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے