اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی آئی جی علی وسیم کا زیرِ تعمیر جیل کا دورہ۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے جیل کی تعمیراتی سرگرمیوں، سکیورٹی انتظامات، بنیادی سہولیات اور دیگر متعلقہ امور کا جائز ہ لیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کوجیل کی تعمیر کے تمام مراحل مقررہ معیار اور منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق مکمل کرنے،تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم نے ایس ایس پی ماڈل پرزن اسلام آباد علی اکبر کے ہمراہ اسلام آباد کی زیرِ تعمیر جیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعمیراتی کام، سکیورٹی انتظامات، بنیادی سہولیات اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے ڈی آئی جی اسلام آباد کو تعمیراتی کام کی پیش رفت اور سکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی اسلام آباد نے تعمیراتی مراحل کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کام مقررہ معیار اور منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے جیل کی سکیورٹی کو جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر بنانے اور تمام ضروری سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ زیرِ تعمیر جیل ایک اہم منصوبہ ہے، جس کی تکمیل کے دوران تعمیراتی معیار، سکیورٹی اور ضروری سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مستقبل میں یہاں فرائض انجام دینے والے عملے کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔بعد ازاں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے پولیس افسران و اہلکاروں کے مسائل کی بروقت دادرسی کے لیے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا۔ اس دوران پولیس افسران و اہلکاروں نے اپنے محکمانہ اور ذاتی نوعیت کے مسائل پیش کیے، جنہیں ڈی آئی جی اسلام آباد نے توجہ سے سنا اور متعلقہ سینئر افسران کو ان کے حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا بروقت حل محکمہ پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس افسران و اہلکاروں کو براہِ راست اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا، ان کی بروقت دادرسی یقینی بنانا اور ان کے مورال کو بلند کرنا ہے۔ پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر اور مسائل کے حل کے لیے اردل روم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا