اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی آئی جی علی وسیم کی زیرِ صدارت انسدادِ جرائم کے حوالے سے اہم اجلاس، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کی زیرِ صدارت انسدادِ جرائم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی او سی یو حسام بن اقبال، ایس ایس پی انویسٹیگیشن زین عاصم، زونل ایس پیز، سواں زون اور صدر زون کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام افسران کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکل اور کار چوری کی وارداتوں میں ملوث متحرک گینگز کو گرفتار کرکے مالِ مسروقہ کی برآمدگی یقینی بنائی جائے۔ زیرِتفتیش مقدمات کو جلد از جلد یکسو کیا جائے اور سنگین جرائم میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولیس گشت کو مزید مؤثر، فعال اور بامقصد بنایا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں اور جرائم کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے