اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈی آئی جی علی وسیم کا جی نائن اور ایف سکس خدمت مراکز کا دورہ۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی انتظامات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ موثر سروس ڈیلیوری اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم نے جی نائن اور ایف سکس خدمت مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات، پولیسنگ امور اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور خدمت مراکز میں آنے والے شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل اور شکایات بھی سنیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور موثر سروس ڈیلیوری کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی سہولت اور شہریوں کے اطمینان کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔دریں اثنائ، ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کی ہدایت پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن سلیمان ظفر نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات پیش کیں۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے شہریوں کی شکایات تفصیل سے سنیں اور ان کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انہیں شفاف، بروقت اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لیے پرعزم ہے۔