اسلام آباد (اردو ٹائمز) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے کہا ہے کہ فضا میں موجود آلودہ ذرات اور مضر گیسیں سانس، دل اور آنکھوں سے متعلق بیماریوں کے شکار افراد کے لیے شدید خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔ ان کے مطابق بچے، بزرگ اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد اسموگ کے دوران زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ باہر جاتے وقت لازمی ماسک پہنیں، گاڑیوں کے دھوئیں، گردوغبار اور مضر دھوئیں سے دور رہیں، اور آنکھوں کے تحفظ کے لیے چشمہ یا حفاظتی عینک کا استعمال کریں۔ آنکھوں میں جلن کی صورت میں صاف پانی سے دھوئیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، اسموگ کے اوقات میں گاڑیوں کے استعمال کو کم کریں، اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کی سرکاری کوششوں میں تعاون کریں۔ ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول نے فیلڈ آگاہی مہمات کے دوران ہیلتھ اتھارٹیز سے مکمل تعاون کی اپیل بھی کی۔