اسلام آباد (اردو ٹائمز): (پ ر: مورخہ 25 نومبر، 2025): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے منگل کے روز چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا سمیت سی ڈی اے اور سپارکو کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔
ملاقات میں جدید سٹلائٹ امیجز، ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال، اور تعلیمی اشتراک سمیت متعدد کلیدی شعبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سپارکو کی جدید سیٹلائٹ امیجز کی بدولت مختلف سیکٹرز میں اراضی کے مسائل کو حل کرنے سمیت غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے بروقت خاتمے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائیٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیکٹورل اور نان سیکٹورل علاقوں میں شہری منصوبہ بندی زیادہ بہتر انداز میں ممکن ہوگی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سپارکو کے اس تعاون سے اسلام آباد کی ترقی اور شہری منصوبہ بندی کے نئے دروازے کھلیں گے۔