اسلام آباد (اردو ٹائمز):چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیر کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس سمیت سی ڈی اے کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اہم ترین منصوبوں پر ابتک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مارگلہ ایونیو کی توسیع (این-فائیو تا ایم-ون) منصوبے سمیت 17th ایونیو، H-16 کے مقام پر انٹرچینج کی تعمیر کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس سلسلہ میں ان منصوبوں کے ڈیزائن سمیت مختلف تیکنیکی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبہ کے ڈیزائن میں انجینئرنگ نقطہ نظر سے تمام تر تیکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیکر شامل کیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مارگلہ ایونیو کی این فائیو سے ایم ون تک آئی سی ٹی 2.7 کلومیٹر حدود تک توسیع کے پی سی-ون کی سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی سے منظوری ہوچکی ہے۔
ممبر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے اجلاس کو بتایا کہ این ایچ اے نے اپنی باقی ماندہ ایریا اور حدود کیلئے پی سی-ون کی منظوری سی ڈی ڈبلیو پی سے حاصل کی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے ٹینڈرنگ کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سلسلہ میں اس ترقیاتی منصوبے کیلئے ابتدائی رقم بھی مختص کر دی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے سے اسلام آباد شہر جی ٹی روڈ این فائیو کے زریعے موٹر وے ایم ون سے براہ راست منسلک ہو جائے گا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کے مضافات میں رہنے والے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام ان منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے انکی جلد تکمیل کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی جدت، بہترین منصوبہ بندی اور شہریوں کی سہولت کیلئے یہ منصوبے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو دنیا کا بہترین دارالخلافہ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔