اسلام آباد: (پ ر: مورخہ 20 نومبر، 2025)(اردو ٹائمز): چئیرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے جمعرات کے روز ممبران قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور ملک ابرار احمد کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اسلام آباد کے شہری مسائل کے حل اور بلدیاتی سہولیات میں بہتری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود گوندل، ممبر انوائرمنٹ اسفند یار بلوچ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت سینئر افسران نے خصوصی شرکت کی۔
ممبران قومی اسمبلی کو اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑکوں، پارکس، صفائی، واٹر سپلائی اور دیگر سہولیات کی بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شہری سہولیات کی اپ گریڈیشن اور سروس ڈلیوری کے نئے ماڈلز اور آپشنز پر کام کر رہے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینا اور بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت سے سروس ڈیلیوری میں بہتری ، شفافیت، وقت کی پابندی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ممکن ہوگا۔ رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی شہری ضروریات کو پورا کرنے کیلئے عصر حاضر کی سروس ڈیلیوری تقاضوں کو اپنانا انتہائی اہم ہے۔