اسلام آباد (اردو ٹائمز) کسی بھی زندہ، متحرک اور باشعور معاشرے کی بقا، فکری ارتقا اور سیاسی استحکام کا دارومدار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہاں سچ بولنے، سوال اٹھانے اور اختلافِ رائے رکھنے کی کتنی آزادی میسر ہے۔ تاریخِ عالم اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جن قوموں نے اپنے اہلِ قلم، صحافیوں، ادیبوں اور دانشوروں کی زبان بندی کی، وہ جلد یا بدیر فکری جمود، معاشرتی زوال، داخلی انتشار اور سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو کر رہ گئیں۔ جب معاشرے میں سچ کہنے کے راستے مسدود کر دیے جائیں تو خوشامد، منافقت اور جھوٹ کو فروغ ملتا ہے، جو بالآخر ریاست کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔
40 سال۔ یہ صرف ایک عدد نہیں ہے۔ یہ میری زندگی ہے، میری پہچان ہے، میری صحافت ہے۔روزنامہ خبریں میں شمولیت سے قبل، میں خبر رساں ایجنسیوں پی پی اے اور این این آئی سے وابستہ رہا۔ روزنامہ ’’خبریں‘‘ کے ساتھ میرا بطور لکھاری 35 سالہ وابستگی ہے۔ اور ان 35 سالوں میں میں نے ایک ہی سبق سیکھا ہے کہ پاکستان میں آزاد صحافت کی اہمیت کبھی ختم نہیں ہوگی۔ بلکہ دن بدن بڑھتی جائے گی۔جب 26 ستمبر 1992 کو روزنامہ ’’خبریں‘‘ کا آغاز ہوا، تو میں بھی اس قافلے کا حصہ تھا۔ ستارہ مارکیٹ اسلام آباد کی ایک چھوٹی سی بلڈنگ سے شروع ہونے والا یہ اخبار آج پاکستان کا ممتاز اخبار ہے۔ اس کے بانی و قائد مرحوم و مغفور استاد محترم ضیاء شاہد نے ہمیں سکھایا تھا کہ صحافت تجارت نہیں، مشن ہے۔ اخبار بکنے کے لیے نہیں، سچ بولنے کے لیے ہوتا ہے۔ اور یہی سبق آج بھی میرے صحافتی سفر کی بنیاد ہے۔ آج کل یہ سلسلہ چیف ایڈیٹر ’خبریں‘ امتنان شاہد اور ایڈیٹر اسلام آباد ملک منظور احمدکی قیادت میں جاری و ساری ہے۔آج میں اپنے 40 سالہ تجربے کی روشنی میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان میں آزاد صحافت کیوں ضروری ہے، کیوں یہ آج بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی 1992 میں تھی۔1۔ آئینی حق اور جمہوریت کی بنیاد
(الف۔ آرٹیکل 19 اور 19-اے کی ضمانت )
پاکستان کا آئین ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے۔ آرٹیکل 19 میں آزادی صحافت شامل ہے، اور آرٹیکل 19-اے میں عوام کو معلومات تک رسائی کا حق دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ریاست نے خود مانا ہے کہ عوام کو جاننے، بولنے اور سوال کرنے کا حق ہے۔آزاد صحافت اس آئینی وعدے کی عملی شکل ہے۔ اگر صحافت آزاد نہ ہو تو آرٹیکل 19 صرف کاغذ پر لکھا جملہ رہ جاتا ہے۔ جب صحافت آزاد ہوتی ہے تو یہ آئین زندہ ہو جاتا ہے۔ میں نے ’’خبریں‘‘ میں 35 سال یہی دیکھا ہے کہ جب ہم نے سچ لکھا تو عوام کو ان کا آئینی حق ملا۔
(ب۔ جمہوریت کا ستون ;..)
جمہوریت صرف الیکشن کا نام نہیں ہے۔ جمہوریت باخبر ووٹر کا نام ہے۔
ووٹر کو کیسے پتہ چلے گا کہ کون سا امیدوار ایماندار ہے اور کون کرپٹ ہے؟
حکومت نے کیا وعدہ کیا اور کیا پورا کیا؟
یہ سب صرف آزاد صحافت بتاتی ہے۔صحافت حکومت اور عوام کے درمیان پل ہے۔ حکومت اپنی پالیسیاں صحافت کے ذریعے بتاتی ہے، اور عوام اپنے مسائل صحافت کے ذریعے بتاتے ہیں۔ اگر یہ پل ٹوٹ جائے تو جمہوریت بہری اور اندھی ہو جاتی ہے۔ اسی لیے صحافت کو جمہوریت کا ستون کہا جاتا ہے۔ اس ستون کو ہٹا دو تو جمہوریت کی پوری عمارت ہل جائے گی۔
2۔( احتساب اور شفافیتالف۔)
’’چوتھا ستون‘‘مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ ریاست کے تین ستون ہیں۔ صحافت کو چوتھا ستون کہا جاتا ہے۔
کیونکہ صحافت ان تینوں پر نظر رکھتی ہے۔جب پارلیمنٹ غلط قانون بناتی ہے تو صحافت اس کی نشاندہی کرتی ہے۔ جب حکومت طاقت کا غلط استعمال کرتی ہے تو صحافت اسے بے نقاب کرتی ہے۔ جب عدالتوں میں انصاف میں دیر ہوتی ہے تو صحافت مظلوم کی آواز بنتی ہے۔ یہی صحافت کی اصل طاقت ہے۔ آزاد صحافت کسی سے نہیں ڈرتی۔ وہ صرف اللہ سے ڈرتی ہے اور اپنے ضمیر سے۔
میں نے ’’خبریں‘‘ میں دیکھا کہ ایک ایکسکلوسیو خبر پورا نظام ہلا دیتی ہے۔ ایک خبر، ایک تحقیق، اور پورا محکمہ حرکت میں آ جاتا ہے۔ یہی آزاد صحافت کی طاقت ہے۔
ب۔( کرپشن کو بے نقاب کرنا)
کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ یہ اسکولوں، ہسپتالوں، سڑکوں اور نوکریوں کا بجٹ کھا جاتا ہے۔ کرپشن کو کون بے نقاب کرتا ہے؟
کرپٹ لوگ خود نہیں کرتے۔ آزاد صحافت کرتی ہے۔بڑے اسکینڈل ہوں یا چھوٹے دفاتر، صحافی اپنی جان خطرے میں ڈال کر سچ سامنے لاتے ہیں۔ پاکستان میں کتنے صحافیوں نے کرپشن بے نقاب کرنے پر دھمکیاں سہیں، مقدمے بھگتے، حملے سہے۔ لیکن وہ رکے نہیں۔ کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر صحافت خاموش ہو گئی تو کرپشن شور مچائے گی۔شفافیت تب ہی آتی ہے جب صحافت آزاد ہو کر پوچھ سکے:
پیسہ کہاں گیا؟
ٹھیکہ کس کو ملا؟
میرٹ کو کیوں نظرانداز کیا گیا؟ یہ سوال طاقتوروں کو تکلیف دیتے ہیں، لیکن قوم کے لیے ضروری ہیں۔
3۔ محروم طبقات کی آواز;..
الف۔(فاصلے کو ختم کرنا)پاکستان بڑے شہروں اور دور دراز دیہاتوں کا ملک ہے۔ اسلام آباد اور لاہور کی آواز آسانی سے سنی جاتی ہے، لیکن تھرپارکر، بلوچستان، گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب اور قبائلی علاقوں کی آواز کون سنے گا؟
آزاد صحافت اس فاصلے کو ختم کرتی ہے۔ ایک اچھا رپورٹر اس گاؤں میں جاتا ہے جہاں صاف پانی نہیں ہے، اس اسکول میں جاتا ہے جہاں استاد نہیں ہے، اس ہسپتال میں جاتا ہے جہاں دوائی نہیں ہے، اور اس کہانی کو سرخی بنا دیتا ہے۔ جب وہ کہانی چھپتی ہے تو حکومت کو حرکت کرنا پڑتی ہے۔
صحافت صرف امیروں اور طاقتوروں کی نہیں ہے۔ یہ غریب کسان، مزدور، عورت، بچے، اقلیت، طالب علم کی ہے۔ آزاد صحافت ان سب کو پلیٹ فارم دیتی ہے۔
ب۔ (انسانی حقوق کی وکالت )
جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے، وہاں سب سے پہلے صحافت کی آواز اٹھتی ہے۔ جبری گمشدگیاں، خواتین پر تشدد، بچوں کی مشقت، اقلیتوں کے حقوق، بندھوا مزدوری — یہ مسائل سب سے پہلے صحافت اٹھاتی ہے، پھر ادارے حرکت میں آتے ہیں۔
پاکستان میں کتنی انسانی حقوق کی اصلاحات ایک اخباری رپورٹ سے شروع ہوئیں۔
ایک تصویر، ایک کالم، ایک تحقیقاتی خبر نے کتنے مظلوموں کی قسمت بدل دی۔
اسی لیے انسانی حقوق کے دشمن ہمیشہ آزاد صحافت کے بھی دشمن ہوتے ہیں۔ وہ خاموشی چاہتے ہیں، آزاد صحافت اس خاموشی کو توڑتی ہے۔الف۔ (جعلی خبروں کا مقابلہ );..
آج ہم ڈیجیٹل دور میں رہ رہے ہیں۔ ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل ہے، ہر شخص سوشل میڈیا پر ’’صحافی‘‘ بنا ہوا ہے۔ لیکن اس سے جعلی خبروں کا سیلاب بھی آ گیا ہے۔
ایک جعلی ویڈیو، ایک جعلی اسکرین شاٹ، ایک جعلی ٹویٹ چند منٹ میں خوف پھیلا سکتا ہے۔
ایسے حالات میں پیشہ ور، ذمہ دار اور آزاد صحافت کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے۔ ایک پیشہ ور اخبار خبر چھاپنے سے پہلے تصدیق کرتا ہے۔ وہ ذرائع چیک کرتا ہے، حقائق کی تصدیق کرتا ہے، اور ذمہ داری لیتا ہے۔
سوشل میڈیا ذمہ داری نہیں لیتا، لیکن صحافت لیتی ہے۔آزاد صحافت جعلی خبروں کا علاج ہے۔ جب افواہیں پھیلتی ہیں تو لوگ آج بھی پوچھتے ہیں: ’’خبریں‘‘ نے کیا لکھا؟ معتبر اخبار نے کیا کہا؟ یہ اعتماد ہی آزاد صحافت کا اصل سرمایہ ہے۔
ب۔( بحران میں باخبر رکھنا) ;..
سیلاب ہو، زلزلہ ہو، کرونا ہو، دہشت گردی ہو، یا کوئی قومی بحران ہو، لوگوں کو درست معلومات چاہیے، افواہیں نہیں۔ آزاد صحافت بروقت، تصدیق شدہ اور مفید معلومات دیتی ہے۔ مدد کہاں ملے گی، ریلیف کیمپ کہاں ہے، حکومت کا اعلان کیا ہے، زمینی صورتحال کیا ہے — یہ سب آزاد صحافت بتاتی ہے۔اگر بحران کے دوران صحافت کو کنٹرول یا خاموش کر دیا جائے تو افواہیں پھیلتی ہیں اور خوف بڑھتا ہے۔ آزاد صحافت قوم کو ہمت اور درست معلومات کے ساتھ بحران کا مقابلہ کرنے میں مدد دیتی ہے۔
5۔ معاشی اور سماجی ترقی ;..
الف۔ (سرمایہ کاروں کا اعتماد)
کوئی سرمایہ کار ایسے ملک میں سرمایہ نہیں لگاتا جہاں شفافیت نہ ہو۔ اگر تاجر کو معیشت کے بارے میں پتہ ہی نہ ہو تو وہ سرمایہ کیسے لگائے گا؟ آزاد صحافت معاشی اعداد و شمار دیتی ہے، مالی کرپشن کو بے نقاب کرتی ہے، معاشی پالیسیوں کو واضح کرتی ہے، اور سرمایہ کاروں کو آگاہ کرتی ہے۔جن ملکوں میں صحافت آزاد ہے، وہاں سرمایہ کاروں کا اعتماد زیادہ ہے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر کچھ غلط ہوگا تو صحافت اسے رپورٹ کرے گی۔ صحافت شفاف ماحول بناتی ہے جہاں کاروبار بڑھتا ہے، نوکریاں بنتی ہیں، اور معیشت آگے بڑھتی ہے۔
ب۔ تنقیدی سوچ کو فروغ دیناآزاد صحافت صرف خبریں نہیں دیتی، وہ تجزیہ، رائے، بحث اور کالم بھی دیتی ہے۔ وہ لوگوں کو سوچنا، سوال کرنا، موازنہ کرنا سکھاتی ہے۔ جب لوگ مختلف آراء پڑھتے ہیں تو وہ تنقیدی سوچ سیکھتے ہیں۔ وہ اندھے ہو کر پروپیگنڈے کو قبول نہیں کرتے۔یہ تنقیدی سوچ سماجی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ جو معاشرہ سوچتا ہے، وہ ترقی کرتا ہے۔ جس معاشرے کو جہالت میں رکھا جاتا ہے، وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔
آزاد صحافت باخبر، تعلیم یافتہ اور فعال شہری بناتی ہے۔
میری روزنامہ ’’خبریں‘‘ کے ساتھ میرا بطور لکھاری 35 سالہ وابستگی ہے میں نے ضیاء شاہد صاحب سے کے ساتھ کام کیا ہے۔ میں نے خوشنود علی خان، آفتاب احمد خان، الطاف بھٹی، فیاض ولانہ، عامر الیاس رانا، طارق عثمانی،سردار حمید ,عزیز ملک ,ناصر اسلم راجہ ,بہزاد سلیمی ,حامد حبیب نزہت انجم، ثمینہ نوید خان، طاہر خان، جیسے ساتھیوں کے ساتھ کام کیا ہے۔مجھے 8 جنوری 1993 کا وہ دن آج بھی یاد ہے، جب جنرل آصف نواز جنجوعہ کا انتقال ہوا۔ میں ہارٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس میں تھا، جنرل ذوالفقار علی خان اجلاس چھوڑ کر گئے، ہسپتال فوج کی تحویل میں آیا، اور شام کو ضیاء شاہد صاحب خود آرمی چیف کے گھر گئے۔ اگلے روز میری خبر پر انہوں نے خود بائی لائن لگائی۔ وہ دن میری 35 سالہ وابستگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔یہی میری پہچان ہے — ایکسکلوسیو، سچ، بہادری۔آخر میں یہی کہوں گا کہ پاکستان میں آزاد صحافت کوئی مسئلہ نہیں ، یہ کئی مسائل کا حل ہے۔ یہ آئین کی محافظ ہے، جمہوریت کی نگران ہے، کرپشن کی دشمن ہے، مظلوم کی آواز ہے، جعلی خبروں کی قاتل ہے، اور معاشی و سماجی ترقی کی انجن ہے۔ہاں، آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی آتی ہے۔ صحافت آزاد بھی ہو، ذمہ دار بھی ہو، سچی بھی ہو، منصف بھی ہو۔ وہ نفرت نہ پھیلائے، وہ کسی جماعت کا آلہ نہ بنے، وہ بغیر تصدیق کے خبر نہ چھاپے۔ لیکن ذمہ داری خوف، سنسرشپ، دباؤ اور دھمکیوں سے نہیں آتی۔ ذمہ داری تربیت، اخلاقیات اور صحافیوں کی خود احتسابی سے آتی ہے۔جیسا کہ میرے استاد ضیاء شاہد نے سکھایا تھا کہ اخبار بکنے کے لیے نہیں، سچ بولنے کے لیے ہوتا ہے۔پاکستان کو آج آزاد صحافت کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت بچے، کرپشن ختم ہو، انسانی حقوق محفوظ ہوں، اور پاکستان ترقی کرے، تو ہمیں آزادی صحافت کی حفاظت کرنی ہوگی۔کیونکہ جب صحافت آزاد ہوتی ہے، تو عوام آزاد ہوتے ہیں۔
پاکستان، جو کہ ایک جمہوری، وفاقی اور آئینی مملکت کے طور پر وجود میں آیا، وہاں بھی آزاد صحافت کی اہمیت ہمیشہ سے مسلمہ رہی ہے۔ قیامِ پاکستان کی تحریک میں بھی مسلم صحافت—بالخصوص مولانا ظفر علی خان کے زمیندار، مولانا محمد علی جوہر کے کامریڈ اور قائداعظم کے قائم کردہ ڈان—نے برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کرنے اور آزادی کی منزل تک پہنچانے میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا تھا۔
آج اکیسویں صدی کے اس پرآشوب دور میں، جہاں پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز، سیاسی پولرائزیشن، موسمیاتی تبدیلیوں اور ڈیجیٹل انقلاب کے نئے تقاضوں کا سامنا ہے، آزاد صحافت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ۔ بدقسمتی سے پاکستان میں صحافت کو مختلف ادوار میں مارشل لا، سنسرشپ، سخت قوانین، معاشی دباؤ اور جسمانی خطرات کا سامنا رہا ہے، لیکن اس کے باوجود پاکستانی صحافیوں نے بڑی قربانیاں دے کر اس چراغ کو روشن رکھا ہے۔اکیسویں صدی کے اس تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا (فیس بک، ایکس، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور واٹس ایپ) نے اطلاعات کی ترسیل کا پورا منظرنامہ بدل کر رکھ دیا ہے۔ آج ہر شہری جس کے ہاتھ میں اسمارٹ فون ہے، وہ بیک وقت خبر کا قاری بھی ہے اور خبر دینے والا بھی۔ تاہم، معلومات کی اس بے لگام فراوانی کے ساتھ ہی غلط معلومات منظم جھوٹے پروپیگنڈے اور مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ جعلی مواد کا ایک خطرناک طوفان بھی برپا ہو چکا ہے۔کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک فکری، سائنسی، ادبی اور سماجی ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہاں سوال اٹھانے، تحقیق کرنے اور تنقیدی سوچ کی حوصلہ افزائی نہ کی جائے۔ آزاد صحافت معاشرے میں صحت مند مکالمے، علمی بحث و مباحثے اور مختلف نقطہ ہائے نظر کو اظہار کی جگہ دیتی ہے۔ اخبارات کے اداریے، کالم نگاروں کے تجزیے، دانشوروں کے مضامین اور ٹی وی پر ہونے والے سنجیدہ مباحثے عام شہریوں کو کسی بھی مسئلے کے مختلف زاویوں پر غور کرنے کی دعوت دیتے ہیں,جب معاشرے میں مختلف آرا کو سننے اور برداشت کرنے کا کلچر فروغ پاتا ہے، تو اس سے فکری تنگ نظری، انتہا پسندی، عدم برداشت اور اندھی تقلید کا خاتمہ ہوتا ہے۔ ایک ایسا روشن خیال اور متوازن معاشرتی ماحول پروان چڑھتا ہے جہاں اختلافِ رائے کو دشمنی نہیں سمجھا جاتا بلکہ دلیل کو طاقت پر فوقیت حاصل ہوتی ہے۔ ۔ یہی فکری آزادی نئی نسل میں تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخشتی ہے جو کسی بھی قوم کی حقیقی ترقی کا زینہ ہے۔