اسلام آباد (اردو ٹائمز): پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات تعلیم کے شعبے میں بھی مستحکم ملائیشیا میں پاکستانی طلبہ کے لیے عالمی معیار کی تعلیم، ای ایم جی ایس
ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز نے اسلام آباد میں ایک نیٹ ورکنگ تقریب کا انعقاد کیا، جس کی میزبانی پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر عالی جناب داتو محمد اظہر مزلان نے کی۔ اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر موئن احمد، ریجنل ہیڈ جنوبی ایشیا، ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز نے بھی خطاب کیا اور پاکستان کے تعلیمی شعبے سے تعلق رکھنے والے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ملائیشیا کے تعلیمی نظام کی مضبوط علمی بنیادوں، صنعت سے ہم آہنگ نصاب اور طلبہ دوست ماحول کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستانی طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ ملائیشیا کی عالمی معیار کی جامعات میں دستیاب تعلیمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
یہ تقریب ملائیشیا کی اعلیٰ تعلیمی جامعات اور پاکستان کے تعلیمی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط، تعاون اور تبادلۂ خیال کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔ اس موقع پر ملائیشیا کی معروف جامعات کے نمائندوں نے شرکت کی، جن میں یونیورسٹی آف ملایا، یونیورسٹی اترا ملائیشیا (UUM)، یونیورسٹی کوالالمپور (UniKL)، ایشیا پیسیفک یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن (APU)، یو سی ایس آئی یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سائبرجایا (UOC) شامل ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ای ایم جی ایس نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستانی طلبہ کے لیے ملائیشیا کو ایک ممتاز عالمی تعلیمی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔