اسلام آباد (اردو ٹائمز) پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی خلا سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے گفتگو

Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز) پاکستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے خلا سے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہِ راست گفتگو کی ہے۔

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خلائی مشن کے حوالے سے بات چیت کے دوران قومی خلاباز اور مشن میں شامل چینی خلابازوں کو مبارکباد دی، جبکہ چیئرمین سپارکو نے اس تاریخی موقع پر دونوں شخصیات کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر چیئرمین سپارکو نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ اس تاریخی موقع پر ان کی موجودگی باعث مسرت ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔

انہوں نے خلا باز ذیشان علی کو زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”میں اس موقع پر آپ کے خاندان، کولیگز اور ان تمام ماہرین کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے آپ کو اس تاریخی سفر کے لیے تربیت اور تعاون فراہم کیا۔“

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک چین تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، اور اب یہ دوستی کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے جو پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے ’سی جی ٹی این‘ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتے کو چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلاباز ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا۔

چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے بتایا کہ یہ رابطہ پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے صدر دفتر میں کیا گیا، جس کے ذریعے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو زمین کے مدار میں موجود اپنے خلاباز سے بات چیت کا موقع ملا۔

ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے اور وہ اس مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ یعنی سائنسی آلات اور تجرباتی سامان کے ماہر کے طور پر شامل ہیں۔

ذیشان علی چین کے 2 خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ خلائی اسٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ذیشان علی کا یہ خلائی سفر پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس مشن کے ذریعے پاکستان پہلی مرتبہ کسی انسان کو زمین کے مدار میں بھیجنے میں کامیاب ہوا ہے، جبکہ وہ چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بھی بن گئے ہیں۔

مشن کے دوران پاکستانی خلاباز چین کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات میں مصروف ہیں، جن میں تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب، ان کی کارکردگی کا جائزہ اور خرد ثقلی یعنی انتہائی کم کشش ثقل والے ماحول میں مختلف سائنسی تجربات شامل ہیں۔

پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا یہ مشن دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے، اور دونوں ممالک نے خلائی تحقیق، سائنسی ترقی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

خلا سے پاکستانی قیادت کے ساتھ اس براہِ راست رابطے کے بعد مشن کی سائنسی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی و سائنسی تعاون کے آئندہ مراحل پر بھی توجہ مرکوز ہے۔