اسلام آباد، 3 نومبر (اردو ٹائمز) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے آج اسلام آباد میں ہولی سی کے سفیر، آرچ بشپ جرمینو پینیموٹے نے ملاقات کی۔وزیرِ مملکت برائے قانون وانصاف ، بیرسٹر عقیل ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی امور، خصوصاً پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے حوالے سے جاری حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں حکومت کی جانب سے اقلیتی برادریوں کے تحفظ، شمولیت اور سہولت رسانی سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جن میں عبادت گاہوں کی سیکیورٹی اور بحالی، برابری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے نظام کی مضبوطی، اور تعلیمی وظائف، ہنر مندی کے مواقع اور مالی معاونت کی فراہمی شامل ہیں۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تمام شہریوں کے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور مواقع کی فراہمی کے لیے پیش رفت جاری رکھی جائے گی