اسلام آباد۔7دسمبر (اردو ٹائمز):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور جدید گاڑیوں کی لانچنگ پر ایم جی موٹرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی پیش رفت اس بات کی علامت ہے کہ ملک درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔وہ اتوار کو ایم جی موٹرز کی جانب سے MG U9 اور دیگر ماڈلز کی لانچنگ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان سمیت دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اس نوعیت کی سرمایہ کاری پاکستان کی معاشی ترقی و توسیع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں عوامی فلاح کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طاقت کا اندازہ ہماری مسلح افواج کی معرکہ حق میں شاندار کارکردگی سے لگایا جا سکتا ہے جس نے ملک کو دنیا بھر میں نمایاں مقام دلایا۔انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ سرمایہ کاری کے مزید مواقع فراہم کرکے ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے چھ آؤٹ لیٹس قائم کرنے پر ایم جی موٹرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔انہوں نے گزشتہ پانچ سے 6 سالوں میں پاکستان کی مجموعی ترقی، خصوصاً الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کی فروخت میں مسلسل اضافے کا ذکر کیا۔انہوں نے حکومت کی جانب سے سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے عزم کو بھی سراہا اور بتایا کہ جلد متعارف ہونے والی “نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی” کے تحت ہر نئی تعمیر ہونے والی عمارت اور شاپنگ مال میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب لازمی ہوگی جس سے صارفین اور سرمایہ کاروں دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔