اسلام آباد (اردو ٹائمز) وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں افنان اسماعیل کو چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام کی فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔ اس تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن چیئرمین پروگرام رانا مشہود احمد خان کی جانب سے جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، افنان اسماعیل کو اسلام آباد میں خواتین کے لیے کاروباری روابط کو فروغ دینے کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وہ خواتین انٹرپرینیورز اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطے قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات کو بھی آگے بڑھائیں گی جو خواتین کی معاشی شمولیت اور کاروباری صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔
یاد رہے کہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام ملک بھر میں نوجوانوں کی ترقی، روزگار کے مواقع اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کر رہا ہے، جن میں خواتین کی شمولیت کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔