اسلام آباد (اردو ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپارکو کا دورہ کیا

Share

اسلام آباد (اردو ٹائمز) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپارکو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر موجود پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر براہ راست گفتگو کی۔چیئرمین سپارکو نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کی مسلسل حمایت اور تعاون سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی’ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کیلئے باعث فخر ہے’ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے براہ راست گفتگو کی اور کہا کہ پوری قوم کو آپ کی کامیابی پر فخر ہے، مسلح افواج کو بھی اس تاریخی کامیابی پر فخر ہے’ فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا اور اس نے یہ عظیم کامیابی حاصل کی ‘انہوں نے پاک چین دوستی کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے، خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کا قابل فخر ثبوت ہے، خلا میں موجودگی پاکستان کےنوجوانوں کیلئے علامہ اقبال کے وژن کی عملی تعبیر ہے’ خلابازمحمدذیشان علی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کیلئے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ وہ زمین سے 400 کلو میٹر بلندی پر 7.9 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں’ ان کا کہنا تھا وہ طے شدہ منصوبےکے مطابق ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، چین کےخلائی اسٹیشن پر اپنی ذمہ داریاں اورتحقیقی کام پوری لگن سےکررہے ہیں’ یاد رہےکہ پاکستانی خلاباز ذیشان علی چینی خلابازوں کے ساتھ چین کے خلائی اسٹیشن پر موجود ہیں، 25 نومبر کو خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ذیشان علی پانچ سے دس روز خلا میں گزاریں گے اور تحقیقاتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے’انہوں نے ذیشان علی کے اہلخانہ اور ساتھیوں کو بھی مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جن کے حوصلے ستاروں سے آگے پرواز کرتے ہیں’ وزیراعظم نے خلا باز کی تربیت اور تیاری میں معاونت کرنے والے ماہرین کو بھی خراج تحسین پیش کیا’ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چین کے سفیر بھی موجود تھے