اسلام آباد (اردو ٹائمز) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی سے ملزم ساوید الاسلام کو گرفتار کر لیا۔
ملزم مبینہ طور پر شہری ناہید اختر سے برطانیہ ورک ویزا پر بھجوانے کے نام پر 24 لاکھ روپے ہتھیانے میں ملوث ہے۔
ملزم کے خلاف انکوائری نمبر 944/2026 کی تکمیل کے بعد مقدمہ نمبر 689/2026 درج کیا گیا تھا۔
ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کی تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ دیگر ساتھیوں اور اس نیٹ ورک میں ملوث ایجنٹس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ہدایات پر بیرون ملک ملازمت اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے نام پر دھوکہ دہی سے بچانے اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔