اسلام آباد (اردو ٹائمز)— سعودی عرب کی معروف کم لاگت ایئرلائن فلائی ایڈیل (فلائی اڈیل) نے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیتے ہوئے آج اسلام آباد کے ایک نجی ٹاور میں اپنے نئے آفس کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ ربن کٹنگ تقریب میں ایئرلائن کے اعلیٰ حکام، بزنس کمیونٹی اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر فلائی ایڈیل کے ہیڈ آف سیلز، فارو ق صلاح الدین احمد نے کہا کہ فلائی ایڈیل ایک نئی مگر متحرک ایئرلائن ہے، جس کی اولین ترجیح اپنے مسافر ہیں۔ ان کے مطابق ایئرلائن کم لاگت کے تحت بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے، جبکہ فلائی ایڈیل کی دو نمایاں خصوصیات مناسب کرایے اور وقت کی پابندی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فلائی ایڈیل جلد ہی مدینہ منورہ کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز بھی کرنے جا رہی ہے، جس سے پاکستانی عوام بالخصوص عمرہ و زیارت کے خواہش مند افراد کو بڑی سہولت حاصل ہوگی۔
فلائی ایڈیل کے نئے اسلام آباد آفس کے افتتاح کو پاکستان میں ایئرلائن کی طویل المدتی حکمتِ عملی کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مسافروں کو عالمی معیار کی کم لاگت فضائی سہولیات فراہم کرنا ہے۔