اسلام آباد، 7 اکتوبر 2026 (اردو ٹائمز): کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے اسلام آباد میں کمرشل رئیل اسٹیٹ کے فروغ کے لیے اہم ہوٹل پلاٹس اور پٹرول پمپ سائٹس کی اوپن نیلامی کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ نیلامی کا انعقاد 12 اور 13 اکتوبر 2026 کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کیا جائے گا۔
ہوٹل پلاٹس کی اوپن نیلامی
12 اکتوبر 2026 کو صبح 10 بجے سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے اہم مقامات پر واقع پانچ ہوٹل پلاٹس نیلام کیے جائیں گے، جن کا مقصد شہر میں معیاری ہوٹلنگ، سیاحت اور کانفرنسز کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرنا ہے۔
پلاٹس کے مقامات:
* پلاٹ نمبر 22، ڈی-12 مرکز
* کنونشن سینٹر ہوٹل پلاٹ نمبر 6، ایف-5/1
* فائیو اسٹار ہوٹل پلاٹ نمبر 8، ایف-5/1
* ای-11 نادرن اسٹرپ میں ہوٹل پلاٹ
* اسپورٹس کمپلیکس اور مارگلہ ہوٹل کے درمیان سرینگر ہائی وے پر واقع ہوٹل پلاٹ
سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات
* کامیاب بولی دہندگان کے لیے ایک سال کی آسان اور لچکدار ادائیگی کی سہولت۔
* 25 فیصد ادائیگی پر بلڈنگ پلان کی منظوری۔
* 75 فیصد ادائیگی پر قبضہ دیا جائے گا، جبکہ بقیہ رقم کے لیے مقامی شیڈولڈ بینک کی قابلِ قبول بینک گارنٹی فراہم کرنا ہوگی۔
* 30 دن کے اندر مکمل ادائیگی پر 5 فیصد رعایت۔
* امریکی ڈالر میں مکمل ادائیگی کی صورت میں مزید 5 فیصد رعایت۔
* بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے نیلامی سے کم از کم ایک روز قبل ٹوکن جاری کرنے کی سہولت، جبکہ ادائیگی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) یا مقامی بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جا سکے گی۔
پٹرول پمپ سائٹس کی اوپن نیلامی
13 اکتوبر 2026 کو سی ڈی اے کی جانب سے رجسٹرڈ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) کے لیے سات پٹرول پمپ سائٹس پیش کی جائیں گی۔ مذکورہ سائٹس 20 سالہ لیز کی بنیاد پر ایک ہی پیکیج کے طور پر نیلام کی جائیں گی۔
سائٹس کے مقامات اور رقبہ:
* مری روڈ، لیک ویو پارک کے قریب پلاٹ نمبر 1 اور 2 — ہر ایک 3,555.55 مربع گز
* بلیو ایریا ایف-10 — 2,500 مربع گز
* آئی-12 مرکز — 3,688.88 مربع گز
* پلاٹ نمبر 15-B، جی-8 مرکز — 1,200 مربع گز
* پلاٹ نمبر 13-A، موو ایریا جی-8/1 — 2,555.55 مربع گز
* پلاٹ نمبر 26، موو ایریا جی-11/1 — 2,000 مربع گز
شرائط و ضوابط
* نیلامی میں شرکت کے لیے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے ٹوکن منی مقرر ہے۔
* ماہانہ کرایہ اوپن بولی کے ذریعے طے ہوگا اور سی ڈی اے کو پیشگی ادا کیا جائے گا، جبکہ سالانہ کرایے میں 10 فیصد اضافہ ہوگا۔
* کامیاب آئل مارکیٹنگ کمپنی کو سائٹ کی تعمیر اور تکمیل کے لیے زیادہ سے زیادہ 5 ماہ کی مدت دی جائے گی۔
* تعمیر، ترقیاتی کام، یوٹیلیٹیز، قانونی منظوریوں، ٹیکسز اور لائسنسنگ سمیت تمام اخراجات کامیاب بولی دہندہ برداشت کرے گا۔
دلچسپی رکھنے والے افراد مکمل اہلیت کے معیار اور مالی بولی کے طریقہ کار پر مشتمل نظرثانی شدہ بروشر سی ڈی اے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ، نامزد بینک برانچز (MCB، HBL، UBL، Askari Bank اور Bank of Punjab) سے حاصل کر سکتے ہیں یا سی ڈی اے کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
مزید معلومات کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹیٹ مینجمنٹ-II سے فون نمبر +92-51-9252481 یا +92-333-5409880 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔