تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، بدھ، 26 فروری 2025 (اردو ٹائمز): سعودی عرب کے سفیر برائے پاکستان نواف بن سعید المالکی نے بدھ کے روز ایک پروقار تقریب میں 30 پاکستانی عمرہ زائرین کو سفری دستاویزات حوالے کر دیے، جنہیں خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی خصوصی دعوت پر بطورِ شاہی مہمان مدعو کیا گیا ہے۔
سعودی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر المالکی نے پاکستانی شہریوں کے لیے حج و عمرہ کی سہولیات فراہم کرنے کے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کیا۔
خادم حرمین شریفین کے یہ شاہی مہمان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کی زیر نگرانی سفر، رہائش اور دیگر تمام سہولیات سے مستفید ہوں گے۔
اس عزت افزائی پر مستفید ہونے والے زائرین نے شاہ سلمان اور سعودی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کے حسنِ سلوک اور مہمان نوازی کو سراہا۔
سعودی عرب طویل عرصے سے مختلف ممالک کے زائرین کو شاہی دعوت پر عمرہ اور حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا رہا ہے، جس کا مقصد مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور عالمِ اسلام کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ سالہا سال سے ہزاروں پاکستانی شہری ان پروگراموں سے مستفید ہو رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے گہرے مذہبی اور تاریخی روابط کا عکاس ہے۔