تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، پیر، 14 اپریل 2025 (اردو ٹائمز): ترکی کے سفیر ڈاکٹر عرفان نزیروغلو اور ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے سپریم کورٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس یحییٰ آفریدی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ترک سفیر سے ملاقات میں جسٹس یحییٰ آفریدی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط عدالتی روابط اور شریعہ اکیڈمی کے ساتھ جاری ترکی کے عدالتی تبادلہ پروگراموں کی تعریف کی۔ انہوں نے ان پروگراموں کو ضلعی عدلیہ تک وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عدالتی افسران کو عدالتوں کے انتظام، ڈیجیٹائزیشن اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں ترکی کے تجربات سے فائدہ حاصل ہو۔
دوسری جانب ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے چیف جسٹس سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان عدالتی تعاون کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے ایرانی چیف جسٹس کی جانب سے جسٹس یحییٰ آفریدی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی چیف جسٹس جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ان مجوزہ دوروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اعلیٰ سطحی روابط باہمی سیکھنے اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر ضلعی عدلیہ میں ڈیجیٹل تبدیلی اور AI کے انضمام جیسے نئے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔