اسلام آباد (اردو ٹائمز) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہریوں کو بہتر اور موثر سروس ڈیلیوری کی فراہمی، کمیونٹی پولیسنگ کے مختلف منصوبوں اور پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت اور پولیس ویلفیئر سے متعلق اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے اور کمیونٹی پولیسنگ کے منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور پولیس وعوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو اپنے دفتر مدعو کیا، ان کی خدمات کو سراہا اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ انہوں نے افسران کو مزید دلجمعی، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور عوامی خدمت کو اپنی ذمہ داری اور فرض سمجھ کر ادا کرنے والے افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ بہترین کارکردگی کا اعتراف نہ صرف افسران کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ دیگر افسران کو بھی مزید محنت اور لگن سے فرائض انجام دینے کی ترغیب دیتا ہے۔انہوں نے کہا، “میرے دفتر کے دروازے میری سپاہ کے لیے کھلے ہیں۔”مزید برآں، آئی جی اسلام آباد نے اپنے دفتر میں آرڈرلی روم کا انعقاد کیا، جہاں ذاتی اور محکمانہ نوعیت کے مسائل کے حل کے لیے آنے والے پولیس افسران کو خود سنا۔ انہوں نے افسران کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں اور متعلقہ افسران کو عملی اقدامات کے ذریعے بروقت دادرسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود، شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور موثر کمیونٹی پولیسنگ اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں، جن کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا