اسلام آباد (اردو ٹائمز) آئی جی کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کا سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز اور ماڈل جیل کا دورہ۔آئی جی اسلام آباد نے انسدادِ دہشتگردی اقدامات اور تعمیراتی امور کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ایس ایس پی سی ٹی ڈی سعود خان نے انہیں انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات، ضلع بھر میں جاری آپریشنز، حساس مقامات کی سکیورٹی اور افسران و اہلکاروں کی عملی تربیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی ڈی کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انسدادِ دہشتگردی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور تربیتی سرگرمیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جدید پیشہ ورانہ تربیت، اعلیٰ سطح کی تیاری اور بروقت رسپانس نہایت اہم ہے۔آئی جی اسلام آباد نے فرائض کی انجام دہی میں جانفشانی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سی ٹی ڈی افسران و اہلکاروں میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے اور ان کی خدمات کو سراہا۔دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ”درخت ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ایک خوبصورت اور محفوظ ماحول کی ضمانت ہیں۔ شجرکاری کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ایس ایس پی ماڈل پرزنز اسلام آباد علی اکبر کے ہمراہ اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کیا۔ انہوں نے ماڈل جیل کے جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف حصوں میں تعمیراتی پیش رفت کا معائنہ کیا۔آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور باقی ماندہ کام کو مقررہ تقاضوں کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی اور کام کے معیار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا